Thursday, March 28, 2024

بھارتی خلائی مشن روانگی سے قبل ہی ناکام

بھارتی خلائی مشن روانگی سے قبل ہی ناکام
July 15, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز) کہتے ہیں چاند پر تھوکا منہ پر ہی آتا ہے،یہی کچھ حال ہوا بھارت کا بھی، جی ہاں چندا ماموں پر بھارتی ترنگا لہرانے کی بڑھکیں تو بہت ماری گئیں لیکن بھارتی خلائی مشن روانگی سے قبل ہی ناکام ہوگیا،بھارت کے صدر بھی تقریب میں مدعو تھے جنہیں ناکام لوٹنا پڑا۔ دعوےبڑے بڑے،مگر نتائج کچھ بھی نہیں،بھارت نے چاند پر ترنگا لہرانے کا اعلان کیا،امریکا، روس اور چین کے بعد چاند پر پہنچنے والا چوتھا ملک بننے کا جشن قبل از وقت ہی شروع ہوگیا۔ بھارتی میڈیا نے بھی مشن چندریان ٹو پر خوب واویلا مچائے رکھا لیکن سائنس دانوں کی غلطی نے سارے کئے کرائے پر پانی پھیر دیا۔ بھارتی مشن کو آندھرا پردیش کے خلائی مرکز سے روانہ ہونا تھا،میڈیا اور شہریوں کو ہائی پروفائل لانچ سے قبل ہی اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب انڈین اسپیس ریسرچ سنٹر نے مشن ملتوی کرنے کا ٹویٹ کردیا۔ بھارتی خلائی ادارے کے مطابق لانچ سے چھپن منٹ قبل خلائی گاڑی میں تکنیکی خرابی ہوگئی،اسی لیے مشن غیراعلانیہ مدت کیلئے ملتوی کیا گیا،نئی تاریخ کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔ لانچنگ کے التوا سے بھارتی صدر رام ناتھ کو بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جو پندرہ کروڑ ڈالر کے مشن کا مشاہدہ کرنے کیلئے وہاں موجود تھے خلائی مشن پر ایک ہزار انجینئرز اور سائنسدان کام کر رہے ہیں،تاہم عالمی ماہرین کے مطابق بھارت کے پاس اتنا طاقتور راکٹ نہیں جو چندرایان ٹو کو چاند پر اتار سکے۔