Thursday, March 28, 2024

بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“کی سرگرمیوں پرنظر رکھنے کیلئے خصوصی سیل قائم

بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“کی سرگرمیوں پرنظر رکھنے کیلئے خصوصی سیل قائم
October 28, 2015
کراچی (92نیوز) محکمہ انسداد دہشت گردی نے کراچی میں مختلف کارروائیوں کے دوران چھ دہشت گرد گرفتار کرلیے جن میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا ایجنٹ اور اجرتی قاتل شامل ہیں۔ ایس ایس پی نوید خواجہ کی سربراہی میں ”را“ کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے خصوصی سیل بھی تشکیل دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کورنگی نمبر پانچ میں ایک بڑی کارروائی کی اور بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا دہشت گرد گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی نوید خواجہ کہتے ہیں ملزم عارف واٹر بورڈ کا ملازم ہے جس نے دہشت گردی کی تربیت بھارتی شہر فرید پور سے لینے کا عتراف کیا ہے۔ سی ٹی ڈی نے ایس ایس پی نوید خواجہ کی سربراہی میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں ”را“ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی سیل تشکیل دیا ہے جس نے کام بھی شروع کردیا ہے۔ یہ سیل صوبے بھر سے گرفتار ”را“ کے ایجنٹوں سے ہونے والی تفتیش کا ریکارڈ مرتب کرے گا اور”را“ ایجنٹوں کے دیگر ساتھیوں اور سلیپر سیلز پر بھی خصوصی کام کرے گا جسے تفتیشی عمل میں حساس اداروں کی جانب سے تکنیکی معاونت بھی حاصل ہوگی۔ دریں اثنا کورنگی میں کی جانے والی دوسری کارروائی میں سی ٹی ڈی نے پانچ ٹارگٹ کلرز معراج ، افضل ، ولید ، زبیر اور عمر بیگ کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایس ایس پی نوید خواجہ کہتے ہیں ملزمان پیسوں کے عوض ٹارگٹ کلنگ کرتے تھے جنہوں نے قتل کی زیادہ تر وارداتیں کورنگی، نیو کراچی اور ملیر میں کیں۔