Friday, April 26, 2024

بھارتی حکومت کے متنازعہ زرعی قوانین کیخلاف لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ

بھارتی حکومت کے متنازعہ زرعی قوانین کیخلاف لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ
December 7, 2020

لندن (92 نیوز) بھارتی حکومت کے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف ہزاروں افراد نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اور مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

لندن میں ہزاروں سکھ متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے بھارتی ہائی کمیشن کا گھیراؤ بھی کیا۔

ایک ہزار سے زائد سکھوں کے بائیک اور کاروں پر لندن پہنچنے پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ احتجاج کے سبب وسطی لندن کا نظام زندگی بھی بری طرح متاثر ہے۔

کسانوں کی حمایت میں ریلی سے وسطی لندن کی فضا بھارت کے خلاف نعروں سے گونج اٹھی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کسانوں کےمعاشی قتل عام میں ملوث ہے۔بھارت کے خلاف لندن کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی مظاہروں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

بھارت کے دارالحکومت دہلی اور دیگر ریاستوں میں کئی روز سے کسانوں کا زرعی قوانین کے خلاف احتجاج جاری ہے جبکہ حکومت اور کسانوں کے درمیان مذاکرات کے 5 دور ہوچکے ہیں جو کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوئے ہیں۔

بھارت کو کسانوں کے احتجاج کے باعث دنیا میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اب کسانوں کی حمایت میں لندن میں احتجاج کیا گیا ہے۔