Thursday, April 25, 2024

بھارتی حکومت کا سفاکانہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا، شاہ محمود

بھارتی حکومت کا سفاکانہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا، شاہ محمود
September 12, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جنیوا کے  تین روزہ کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کا سفاکانہ چہرہ  دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے ۔ وزیر خارجہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہنچے تو عوام کا جم غفیر امڈ آیا ، اقوام عالم کے سامنے مقبوضہ کشمیر کا کیس بہترین انداز میں پیش کرنے پر  لوگوں شاہ محمود قریشی کو گھیرے میں لے لیا  اور سلفیاں بنائیں۔ اس موقع پر پاکستان زندہ باد ، کشمیر بنے گا پاکستان کے  نعرے بھی لگائے گئے ۔ اپنی گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جمہوریت کی جھوٹی دعویدار بھارتی حکومت کا سفاکانہ چہرہ  پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔ آج دنیا مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں مسلمانوں کیساتھ ہونے والے ظلم و ستم پر بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے حقوق کی اس جدو جہد میں تنہا نہیں ہیں ،پاکستان ان کی سیاسی ، آئینی اور سفارتی معاونت و حمایت جاری رکھے گا اور ہم انشااللہ ہر فورم پر ا ن کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو اپنے درمیان دیکھ کر لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا،ائیر پورٹ پر مسافروں نے دیر تک وزیر خارجہ کو روکے رکھا اور ان کے ساتھ سیلفیاں بنواتے رہے ۔