Thursday, April 25, 2024

بھارتی حکومت کا رافیل طیاروں کی خریداری کی دستاویزات چوری ہونے کا دعویٰ

بھارتی حکومت کا رافیل طیاروں کی خریداری کی دستاویزات چوری ہونے کا دعویٰ
March 6, 2019
 نیو دہلی (92 نیوز) بھارتی حکومت نے رافیل طیاروں کی خریداری کی دستاویزات چوری ہونے کا دعویٰ کر دیا۔ انڈین سپریم کورٹ نے دستاویزات چوری کی تحقیقات کا بھی حکم دے دیا۔ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کا نعرہ دیش کا چوکیدار ہی چور ہے سچ ثابت ہونے لگا۔ مودی کی کرپشن کے ثبوت سرکاری دفتر سے ہی غائب کر دئیے گے۔ رافیل ڈیل جس کا چرچہ پورے بھارت میں ہے اور اپوزیشن جماعتیں جس کا ایشو بنا کر مودی کو بے نقاب کررہی ہیں، اس کی دستاویزات ہی چوری ہو گئی۔ فرانسیسی طیاروں کی خریداری بھی مودی سرکار کے گلی کی ہڈی بن چکی ہے۔ حکمران جماعت بی جے پی اور اپوزیشن میں جنگ مزید شدت اختیار کرگئی۔ معاملہ لفظی گولہ باری سے نکل کرعدالت کے کٹہرے میں پہنچ گیا ہے۔ رافیل ڈیل کا کیس انڈین سپریم کورٹ میں چل رہاہے جس کی سماعت کے دوران  اٹارنی جنرل نے انکشاف کیا کہ رافیل معاہدے کے کاغذات وزارت دفاع کے دفتر سے چوری ہوگئے ہیں، اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے معاہدے کے کاغذارت کی چوری کو حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ معاہدہ مذاکراتی ٹیم کے بجائے نریندر مودی کے قریبی ساتھی اجیت دوول نے طے کیا تھا جسے چپھایا جارہا ہے۔ اجیت دوول کے باعث وزارت دفاع اور مذاکراتی ٹیم کی کوششوں کو نقصان پہنچا۔ بھارتی اخبار دی ہندو نے اپنی رپورٹ میں رافیل ڈیل کے معاہدے پر اہم دستاویزات شائع کی ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نئی دہلی اور پیرس کے درمیان معاہدے میں بینک گارنٹی کو حصہ نہیں بنایا گیا۔ انڈین کانگریس ترجمان کا کہنا ہے کہ چوکیدار کی چوری رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔ ترجمان رندیپ سرجوالا کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی اخبار کی رپورٹ سے ثابت ہو گیا کہ نریندر مودی نے جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کیا اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ دوسری جانب نئی دہلی میں سی جی او کمپپلیکس  میں لگنے والی آگ کی لپیٹ میں آکر ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو گیا۔ آگ پانچویں منزل پر واقع سرکاری دفتر میں لگی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا لیا۔