Friday, May 3, 2024

بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے مرکزی وزیر نے گائے کا گوشت کھانے کا اعلان کر دیا

بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے مرکزی وزیر نے گائے کا گوشت کھانے کا اعلان کر دیا
May 27, 2015
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت میں گائے کا گوشت کھانے کا معاملہ پھر گونج اٹھا،بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے وزیر کرن رججوبی نے کہا ہے کہ انہوں نے گائے کا گوشت کھایا ہے اور انہیں ایسا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ بھارت میں اگرچہ گائے کا گوشت کھانے پر پابندی ہے لیکن اس معاملے پر سیاسی بیان بازی کا بازار گرم ہی رہتا ہے۔ چند روز قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما مختار عباس نقوی نے بیان داغاتھا کہ جو بیف کھائے بغیر نہیں رہ سکتے انہیں پاکستان چلے جانا چاہیے مگر انہیں کیا خبر تھی کہ انکی پارٹی سے ہی انہیں جواب مل جائے گا۔ کرن رججوبی کے بیان نے بھارت میں نئی ہلچل پیداکردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے گائے کا گوشت کھایا ہے اور انہیں ایسا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا یہی نہیں مرکزی وزیر نے مختار عباس نقوی کے بیان کو بھی آڑھے ہاتھوں لیا ہے اور کہتے ہیں کہ مختار عباس نقوی کو شاید معلوم نہیں ہے کہ بھارت میں کئی مذاہب کے لوگ ہیں، سب کا احترام کرنا چاہیے۔ دوسری طرف کانگریس کے رہنما شکیل احمد نے بھی اس معاملے پر ٹویٹ کیا ہے کہ بھارتی جنتا پارٹی اپنے وزیر کو کب پاکستان بھیج رہی ہے۔