Thursday, April 25, 2024

بھارتی حکام نے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کی اجازت نہ دی

بھارتی حکام نے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کی اجازت نہ دی
June 14, 2019
 لاہور (92 نیوز) بھارتی انتہا پسندی نے مذہب کو بھی نہ چھوڑا۔ بھارتی حکام کی جانب سے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو اجازت ہی نہیں دی گئی۔ سکھ یاتری اٹاری پر انتظار کرتے رہے۔ گرو ارجن دیو کی شہیدی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے سکھ یاتریوں کا پاکستان  آنے کے معاملے پر بھارتی حکومت کی انتہا پسندانہ سوچ مذہبی  رسومات کے آڑے آ گئی۔ پاکستانی حکام کی جانب سے واہگہ اسٹیشن لاہور پر بھارتی سکھوں کے استقبال پر انتظامات مکمل کیے گئے لیکن بھارت کی جانب سے پاکستان کی خصوصی ٹرین کو بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہ دی گئی۔ پاکستان گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے واہگہ ریلوے اسٹیشن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کی حکومت نے 146 سکھ یاتریوں کو ویزا جاری کیا مگر بھارت نے ٹرین روک دی۔ بھارتی حکومت مذہب کو سیاست کی نذر نہ کرے۔ کمیٹی ممبرسردار بھیشن سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو اجازت نہ ملنے کی مذمت کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں سکھوں کو بھارت کے اس رویہ پر احتجاج کرنا چاہیے۔ سردار بھشن سنگھ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سکھوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ گرو ارجن دیو شہیدی کی مرکزی تقریب میں شرکت کر سکیں۔