Friday, April 19, 2024

بھارتی جیل میں بے گناہ قید ایک اور پاکستانی جاں بحق

بھارتی جیل میں بے گناہ قید ایک اور پاکستانی جاں بحق
March 8, 2019
نیو دہلی (92 نیوز) بھارت کی  جیل میں  ایک اور پاکستانی قیدی  رہائی کا خواب دیکھتے زندگی کی قید سے آزاد ہو گیا۔ 62 سالہ محمد اعظم امرتسر کے گرونانک اسپتال میں انتقال کر گیا۔ پاکستان کی جانب سے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھجوانے کے باوجود بھارت کی جانب سے زندہ افراد کے بدلے لاشیں لوٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک اور پاکستانی شہری مودی سرکار کی  پاکستان دشمنی کی بھینٹ چڑھ گیا۔ امرتسر جیل میں ایک اور پاکستانی قید سے رہائی کا خواب دیکھتے دیکھتے زندگی کی قید سے آزاد ہو گیا۔ اپنوں سے ملنے کی خواہش دل میں ہی لیے دنیا سے چلا گیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی حکام نے محمد اعظم کو غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جو 2016 میں سزا پوری ہونے کے باوجود گزشتہ تین سال سے  رہائی کا منتظر تھا لیکن سنگدل بھارتی حکام کو ذرا بھر بھی رحم نہ آیا، رہائی نہ دی۔ امرتسر جیل میں قید محمد اعظم کی جیل میں طبیعت خراب ہوئی لیکن حکام نے پرواہ نہ کی۔ حالت زیادہ خراب ہوئی تو گورنانک دیو اسپتال منتقل کیا لیکن وہ جان کی بازی ہار گیا۔ بھارت کی جانب سے گزشتہ ہفتے بھی جے پور جیل میں قید پاکستانی شاکراللہ کی میت پاکستان لائی گئی تھی جس کو انتہا پسند جیل حکام اور قیدیوں نے پلوامہ حملے کی آڑ میں پتھر مار مار کر شہید کردیا تھا۔