Monday, September 16, 2024

بھارتی جاسوس کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے : ترجمان پاک فوج

بھارتی جاسوس کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے : ترجمان پاک فوج
March 29, 2016
راولپنڈی (92نیوز) ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے اور اس کی گرفتاری کے بعد بہت سے سوالات اٹھ رہے تھے۔ انہوں نے اس کامیابی کا کریڈٹ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ کسی ملک کا فوجی افسر پکڑا جائے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ کلبھوشن انڈین نیوی کا افسر ہے اور اس کا مقصد پاکستان میں مداخلت اور خوف پھیلانا تھا۔ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کو گوادر ہوٹل میں دھماکا کرنے کا ٹاسک دیا گیاتھا اور اس کا ہدف گوادر پورٹ تھا۔ اس نے اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانے کے لیے گوادر کو نشانہ بنانا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کے پاس سے پاکستان کے نقشے بھی برآمد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے قانون کی خلاف ورزی ہے اور اس معاملے کو ہر طریقے سے دیکھا جائے گا۔ جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہم نے یہ معاملہ ایرانی صدر کے سامنے اٹھایا ہے کیونکہ ایران کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔