Thursday, April 25, 2024

بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کی کوئی سزا معاف نہیں کی گئی ، فروغ نسیم

بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کی کوئی سزا معاف  نہیں کی گئی ، فروغ  نسیم
July 24, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کی کوئی سزا معاف نہیں کی گئی۔ فروغ نسیم نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا آرڈیننس نہ لاتے تو بھارت عالمی قوانین سے فائدہ اٹھاتا۔ اس آرڈیننس سے ہم نے بھارت کے ہاتھ کاٹ دئیے۔ اپوزیشن سے حساس سکیورٹی معاملے پر سیاست نہ کرنے کی اپیل بھی کی۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو رہا کرنے کی بھارتی استدعا مسترد کی۔ عالمی عدالت انصاف کے فیصلہ کے پیش نظر آرڈیننس جاری کیا گیا۔ یہ آرڈیننس این آر او نہیں ہے، این آر او پرویز مشرف نے جاری کیا تھا۔ اگر پاکستان قونصلر رسائی نہیں دے گا تو بھارت عالمی دنیا میں شور مچائے گا۔ فروغ نسیم نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے ہم آئی سی جے کا فیصلہ نہ مانیں۔ بھارت چاہتا ہے سکیورٹی کونسل جا کر ہمارے خلاف قرارداد پاس کرائے ، لہذا ہمیں آئی سی جے کے فیصلوں کی ہر طرح تعظیم کرنی ہے۔ اگر بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن کی سزا ختم ہوتی تو میں اپوزیشن کے ساتھ مل کر احتجاج کرتا۔