Wednesday, April 24, 2024

بھارتی جارحیت کو لگام ڈالنے کیلئے چھوٹے ایٹمی ہتھیار تیار کئے ہیں  : سکرٹری خارجہ

بھارتی جارحیت کو لگام ڈالنے کیلئے چھوٹے ایٹمی ہتھیار تیار کئے ہیں  : سکرٹری خارجہ
October 20, 2015
لاہور(92نیوز)سیکرٹری خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کو لگام ڈالنے کیلئے چھوٹے ایٹمی ہتھیار تیار کئے ہیں ۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان نے بھارتی جنگی تیاریوں کے جواب میں جامع حکمتِ عملی تیارکرلی، وزیراعظم نوازشریف امریکی صدربراک اوباما سے ملاقات میں واضح کریں گے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف بھارت کے جارحانہ عزائم سے حفاظت کیلئے ہےانتہاپسندی، جارحیت، توسیع پسندی اورہٹ دھرمی کبھی پاکستان کی عادت نہیں رہی، ہمارے پڑوسی بھارت نےہمیشہ پاکستان کو مٹانے کی کوشش کی مگر پاک فوج کی وجہ سے اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، لیکن چور چوری سے جائے ہیراپھیری سے نہ جائےبھارت نے اپنی روش نہیں بدلی وہ ناصرف سرحدی قوانین کی پاسداری نہیں کرتا بلکہ منفی پروپیگنڈا کرکے سفارتی آداب کا بھی دھجیاں اڑا رہا ہے اس پرپاکستان بھی کہاں خاموش رہنے والا ہے اس کے بڑے بھی سرجوڑ کر بیٹھے اورانہوں نے بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی مکمل تیاری کررکھی ہے۔ یہ بات حقائق سے ثابت ہے کہ پاکستان کبھی ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہونا چاہتا تھا، بھارت نےانیس سو چوہتر میں ایٹمی دھماکے کئےتو پاکستان کواپنی حفاظت یقینی بنانے کیلئے مجبورا ایٹمی پروگرام شروع کرنا پڑا۔ بھارتی ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا اوراس نے انیس سو اٹھانوے میں پھر دھماکے کردئیے جس کا پاکستان نے بھرپورجواب دیا۔ پاکستان نے اپنی دفاعی حکمتِ عملی کےتحت چھوٹے ایٹمی ہتھیاربھی بنانا شروع کردئیے۔ جن کامقصد صرف اور صرف بھارت کو کسی بھی قسم کے ایڈوینچر سے بازرکھنا ہے۔۔اس سلسلے میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے بھی واضح کردیا کہ پاکستان اپنے ایٹمی پروگرام اور دفاع کے معاملے پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، یہی بات وزیراعظم نوازشریف امریکا کو بھی بتائیں گے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے پاس اس وقت ایک سو بیس چھوٹے بڑے ایٹمی ہتھیارموجود ہیں ،جس میں ساٹھ کلومیٹرسے لے کردوہزار سات سوپچاس کلومیٹر تک مار کرنے والے ایٹمی میزائل بھی شامل ہیں۔