Monday, May 13, 2024

بھارتی امن کو داؤ پر نہ لگائے ، پاگل پن فوری بند کرے ، شاہ محمود قریشی

بھارتی امن کو داؤ پر نہ لگائے ، پاگل پن فوری بند کرے ، شاہ محمود قریشی
February 24, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہمسایہ ملک بھارت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت امن کو داؤ پر نہ لگائے ، پاگل پن فوری بند کرے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارتی حکومت تدبر سے کام لے امن کو داؤ پر نہ لگائے، بی جے پی سیاسی مقاصد کیلئے جنون پھیلانا بند کرے، پورے مقبوضہ کشمیر میں خوف کی فضا ہے ۔ وزیر خارجہ نے بھارت کو غیر ذمہ دارانہ رویہ ترک کرنے  کا بھی مشورہ دیا اور کہا  کہ  کشمیری قیادت کو کشمیر سے باہر دھکیلا جا رہا ہے، ایسے اقدامات سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے ۔ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت دفتر خارجہ میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کے جارحانہ عزائم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد موجودہ حالات میں جامع اور مربوط لائحہ عمل مرتب کرنا تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل کا دورہ  بھی کیا اور مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی  وزیرخارجہ کے ہمراہ تھے۔شاہ محمود قریشی کو کرائسز مینجمنٹ سیل کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کرائسز مینجمنٹ سیل پاکستان، بھارت کشیدگی، امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر قائم کیا گیا۔