Saturday, April 20, 2024

بھارتی آبی جارحیت، دریائے چناب پر چوری چھپے مزید 2 ڈیموں کی تعمیر شروع، منصوبہ بے نقاب

بھارتی آبی جارحیت، دریائے چناب پر چوری چھپے مزید 2 ڈیموں کی تعمیر شروع، منصوبہ بے نقاب
May 6, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) بھارت نے پاکستان سے اجازت لی نہ کانوں کان خبر ہونے دی۔ دریائے چناب پر چوری چھپے مزید 2 ڈیموں کی تعمیر شروع کر دی گئی۔ ایک لاکھ ایکڑ فٹ پانی روکنے کا منصوبہ بے نقاب ہو گیا۔ سندہ طاس معاہدے کے تحت بھارت دریائے چناب، سندھ اور جہلم کے پانیوں پر کسی قسم کی مداخلت نہیں کر سکتا۔ معاہدے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ اگر بھارت ان دریائوں پر پن بجلی پیدا کرنا چاہے تو پہلے پاکستان سے اجازت لے گا لیکن چوری چھپے وار کرنا تو بھارتی سرکار کا وطیرہ رہا ہے۔ بھارت شاید پاکستان کے لہلہاتے کھیتوں اور بہتے دریائوں کو دیکھ کر جل گیا اور دریائے چناب پر ڈیم تعمیر کرنے شروع کر دئیے۔ پہلے بگلیہار، پھر سلال اور اب مزید دو نئے منصوبوں کی تعمیر شروع کر دی۔ بھارتی گھناونے اقدامات کی نگرانی کرنے والا انڈس واٹر کمیشن تو سویا رہا لیکن نائنٹی ٹو نیوز نے بھارتی آبی جارحیت کا منصوبہ بے نقاب کر دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز کو موصول ہونے والی دستاویز کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر 715 میگاواٹ ری اوگلی پن بجلی منصوبہ ہماچل پردیش اور ڈگر پن بجلی منصوبہ ضلع چنبہ میں تعمیر کر رہا ہے۔ ان منصوبوں کی تعمیر سے دریائے چناب کا ایک لاکھ ایکڑ فٹ پانی روک لیا جائے گا اور 11مربع کلومیٹر رقبے پر دیار کے قیمتی جنگلات تباہ ہو جائیں گے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ دونوں ڈیموں کی تعمیر سے دریائے چناب کا پانی رکنے اور وسیع پیمانے پر جنگلات کی کٹائی سے موسمیاتی تبدیلیاں بہت خوفناک ہوں گی۔