Friday, April 19, 2024

بھارت کے یکطرفہ اقدامات کیخلاف کشمیر میں بڑا احتجاج

بھارت کے یکطرفہ اقدامات کیخلاف کشمیر میں بڑا احتجاج
August 23, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا انیس واں روز ہے۔ حریت قیادت کی اپیل پر آج وادی بھر میں احتجاج کیا جارہا ہے۔  کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف آج بھرپور احتجاج کر رہے ہیں جس کی کال حریت قیادت نے پوسٹرز کے ذریعے دی تھی تاکہ دنیا کو پیغام دیا جاسکے کہ کشمیری اپنے خطے پر بھارتی تسلط اور ہندو ثقافت قبول نہیں کریں گے۔ احتجاج کو روکنے کیلئے قابض انتظامیہ نے پابندیوں کو مزید سخت کر دیا ہے۔ سڑکوں پر آہنی رکاوٹیں اور بلیڈ والی تاریں بکھری پڑی ہیں جبکہ گلی کوچوں میں قدم قدم پر بھارتی فوج دندناتی پھر رہی ہے لیکن کشمیریوں کا عزم پھر بھی برقرار ہے۔ کشمیری اپنے گھروں میں محفوظ نہیں رہے۔ رات کے اندھیرے میں چھاپے مار کر نوجوانوں کو حراست میں لے لیا جاتا ہے۔ قابض فورسز کبھی بھی کہیں بھی پتھراؤ کردیتی ہیں۔ کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹنے سے گھر کے مکین زخمی ہوجاتے ہیں۔ وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق سری نگر میں ہر روز مظاہرے ہورہے ہیں۔ بھارتی فورسز مظاہرین کے خلاف پیلٹ گنز اور آنسو گیس استعمال کرتی ہیں جس سے اب تک سیکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔