Tuesday, May 14, 2024

بھارت کے یوم آزادی پرکشمیری سراپا احتجاج ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب

بھارت کے یوم آزادی پرکشمیری سراپا احتجاج ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب
August 15, 2020

لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بھارت  کے یوم آزادی پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام آج یوم سیاہ منا رہے ہیں،وزیر اعلی پنجاب نے بغیر پروٹوکول لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں بھارت کے یوم آزادی پر کشمیری عوام سراپا احتجاج ہیں اورجموں و کشمیر کے عوام آج یوم سیاہ منا رہے ہیں ، پاکستان اور کشمیر نہ ٹوٹنے والے بندھن میں بندھے ہیں پاکستان کا بچہ بچہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اقدار کا خون کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے معصوم کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے ، مودی سرکار نے کشمیریوں کے حقوق سلب کر کے آزادی کا حق چھینا ہے،مودی سرکار کوکشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا حساب دینا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے بغیر پروٹوکول لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب صفائی کے ناقص انتظامات پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی کی سرزنش کی اور انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی ،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔