Thursday, April 18, 2024

بھارت کے ہاتھوں شکست ، سیاستدان بھی قومی ٹیم پر برس پڑے

بھارت کے ہاتھوں شکست ، سیاستدان بھی قومی ٹیم پر برس پڑے
June 17, 2019
لاہور  ( 92 نیوز) بھارت کے ہاتھوں شکست  پر  سیاستدان بھی قومی ٹیم پر برس پڑے  ۔ سیاسی رہنماؤں نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے پر سرفراز احمد پر کڑی تنقید کی ، نعیم الحق کہتے ہیں کپتان کی بات نہ مان کر کپتان نے غلطی کر دی۔ میگاایونٹ میں روایتی حریف کےخلاف ایک غلط فیصلے نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، سرفراز نے کپتان کی نصیحت پر کان نہ دھرا، بھارت کو پہلے بیٹنگ دینا گلے پڑ گیا۔ وفاقی وزیر نعیم الحق نے بھی قومی ٹیم کے پہلے فیلڈنگ کے فیصلے کی مذمت کردی،ٹویٹ میں کہا کہ کپتان کی بات نہ مان کر کپتان نے غلطی کردی، پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ درست نہیں تھا،ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا ریکارڈ بہت برا ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی حسن علی کی سلیکشن پر تنقید کےخوب باؤنسر مارے بولیں حسن علی کا ردھم آؤٹ تھا،ان کی شارٹ پچ بالوں پر پٹائی ہوئی۔ خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی  بھی ٹاس جیت کر فیلڈنگ کے فیصلے سےنالاں نظر ، بولے کہ  ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا چاہیے تھی،شاید پاکستانی کپتان نے پچ کا صحیح اندازہ نہیں لگایا۔ اب میچ ہارنے کی وجہ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کافیصلہ  غلط تھا یا کچھ اور ، ٹیم کو آئندہ میچوں میں مثبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔