Friday, April 26, 2024

بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر آج کشمیری کمیونٹی یوم سیاہ منا رہی ہے

بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر آج کشمیری کمیونٹی یوم سیاہ منا رہی ہے
January 26, 2021

سرینگر (92 نیوز) بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری کمیونٹی یوم سیاہ منا رہی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں آج بھارتی یوم جمہوریہ بطور یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔ کشمیری دنیا کی سب سے بڑی انسانی جیل میں ہونے والے ریاستی مظالم کا پردہ چاک کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کو مظاہروں سے روکنے کیلئے مودی سرکار نے وادی کو فوجی چھاؤنی میں بدل دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آج جماعتی حریت کانفرنس اور حریت تنظیموں نے ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں پر سیاہ پرچم لہرانے کی ہدایت کی ہے۔ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج کشمیریوں پر جبر کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہیں۔

دوسری جانب سمندر پار کشمیری بھی بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ امریکا، برطانیہ، جرمنی سمیت کئی ممالک میں مقیم کشمیری یوم سیاہ پر بھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔