Friday, April 26, 2024

بھارت کے مکروہ عزائم اقوام متحدہ میں بھی بے نقاب

بھارت کے مکروہ عزائم اقوام متحدہ میں بھی بے نقاب
August 20, 2021 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) بھارت کے مکروہ عزائم اقوام متحدہ میں بھی بے نقاب ہو گئے۔ پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مشن نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بھارت عالمی سطح پر ایک بار پھر رسوا ہو گیا۔ پاکستان کےخلاف مذموم عزائم کھل کر سامنے آگئے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی داعش سے متعلق رپورٹ نے سب واضح کر دیا۔ رپورٹ نے افغان سرزمین سے پاکستان پر دہشتگردی کے خطرات کو بھی اجاگر کیا۔

پاکستانی مشن نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور مالی مدد کر رہا ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر کالعدم تنظیموں کو بھارتی اور افغان خفیہ ایجنسیوں کی معاونت حاصل ہے۔ بھارت دہشت گردی کا سب سے بڑا ریاستی اسپانسر ہے۔ داسو واقعے ، کراچی اسٹاک ایکسچینج جیسے متعدد دہشت گرد حملوں میں بھارت ملوث تھا۔ گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو بھارتی دہشتگردی کا زندہ ثبوت ہے۔

مشن کے مطابق المیہ یہ ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ساتھ بھی کھیل کھیلا اور معمول کی بریفنگ کو اپنے دستخطی ایونٹ میں بدل دیا۔ مشن نے بتایا کہ بھارت نے افغانستان سے دہشتگردی کو طول دینے کے لیے افغان امن عمل کو کمزور کیا۔