Tuesday, April 23, 2024

بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس

بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس
August 6, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کو سفارتی محاذ پر ایک اور کامیابی مل گئی۔ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس ہوا۔ مستقل مندوب منیر اکرم کے مطابق سکیورٹی کونسل کو دو دستاویزات پیش کیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا حکومتی کوششوں سے دنیا کشمیریوں کی آواز سن رہی ہے۔ دنیا نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت اور بھارتی دعووں کو جھوٹا قرار دے دیا ۔ پاکستان کی سفارتی سطح پر غیر معمولی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہندوستان کو شدید ہزیمت کا سامنا  ہے۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا محض ایک سال میں مسئلہ کشمیر پر تیسری مرتبہ خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ ، داخلی معاملے کی گردان مسترد  کر دی گئی۔ ثابت ہو گیا بھارتی قبضہ ناجائز، تنازعہ کشمیر عالمی مسئلہ ،حل ناگزیر ہے ۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس پاکستان کی درخواست ، چین کی حمایت پر بلایا گیا۔ اجلاس میں 15 کونسل ارکان شریک ہوئے ۔ خطہ کشمیر خصوصاً مقبوضہ جموں و کشمیر ، لائن آف کنٹرول کی مخدوش صورتحال، انسانی حقوق کی سنگین بھارتی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کی حالت زار پر غور ہوا۔ اقوام متحدہ سیکریٹریٹ اور فوجی مبصر مشن نے اجلاس کو بریفنگز دیں۔ سلامتی کونسل کا تنازعہ کشمیر پر بند کمرہ اجلاس ایک گھنٹہ 35 منٹ جاری رہا۔ پاکستان کی سفارتکاری کے نتیجے میں 16 اگست 2019ء، ، 16 جنوری اور اب 5 اگست 2020ء کے سلامتی کونسل کے تین اجلاس بھارت کیلئے سفارتی محاذ پر واضح شکست ہے۔ دنیا نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے ، محاصرے اور داخلی معاملہ ظاہر کرنے کی گردان مسترد کر دی ۔ ثابت ہو گیا بھارتی قبضہ ناجائز، تنازعہ جموں وکشمیر عالمی مسئلہ اور اقوام متحدہ قراردادیں مستند ہیں۔ کشمیری حق خودارادیت جائزہ ، جدوجہد منصفانہ اور استصواب رائے ناگزیر ہے۔ بھارت کی مقبوضہ علاقوں میں جغرافیائی ہیت یا آبادی کا تناسب تبدیلی کی سازشیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں نہ صرف بے نقاب ہوئیں بلکہ ہندوستان اور مودی کا اصل چہرہ دنیا پر آشکار ہوا۔