Sunday, May 19, 2024

بھارت کے تحریک طالبان پاکستان سے تعلقات ، ہندوستان ٹائمز نے راز فاش کردیا

بھارت کے تحریک طالبان پاکستان سے تعلقات ، ہندوستان ٹائمز نے راز فاش کردیا
September 24, 2017

اسلام آباد (92 نیوز ) بغل میں چھری منہ میں رام رام کی مثال بھارت کا مکروہ اور گھناؤنا چہرہ  خود بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے بے نقاب کردیا ہے ۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے بھارت کے دہشتگرد ہونے سے متعلق سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بھارتی ایجنسی را اور تحریک طالبان پاکستان کے گہرے روابط موجود ہیں۔

اخبار کے مطابق تحریک طالبان پاکستان اور را کے تعلقات پہلی مرتبہ احسان اللہ احسان کی گرفتاری کے بعد منظر عام پر آئے۔

ہندوستان ٹائمز کا کہنا ہے کہ را کی ٹی ٹی پی کی حمایت کم کرنے کے لیے امریکہ نے بھارت پر دبائو بڑھانا شروع کردیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کل اپنے دورہ بھارت میں اس معاملے کو اٹھائیں گے۔

امریکی وزیر دفاع بھارتی عسکری و سیاسی قیادت کے ساتھ اس معاملہ پر بات کریں گے۔

 بھارتی اخبارکی رپورٹ کے مطابق امریکہ مطالبہ کرے گا کہ بھارتی ایجنسی را تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو کم کرے۔ اس حوالے سے جیمز میٹس اہم پیغام بھارتی قیادت کو دیں گے۔

 ہندوستان ٹائمز کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی سے تعلقات کم کرنے کا مقصد پاکستان سے ایک اہم کارڈ سے دستبردار ہونا ہو گا اور را۔ ٹی ٹی پی کے تعلقات کا جیمز میٹس کے ایجنڈے پر ہونے کا مطلب امریکہ کا پاکستان کے موقف کو تسلیم کرنا ہے ۔

را نے ٹی ٹی پی سے تعلق کم نہ کیا تو یہ بھارت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے ۔امریکہ نے تسلیم کرلیا کہ افغانستان میں قیام امن میں پاکستان کا کردار اہمیت رکھتا ہے۔