Saturday, April 20, 2024

بھارت کے ایٹمی دھماکوں پر نواز شریف نے منہ توڑ جواب دیا ، ن لیگی رہنماؤں کا خطاب

بھارت کے ایٹمی دھماکوں پر نواز شریف نے منہ توڑ جواب دیا ، ن لیگی رہنماؤں کا خطاب
May 28, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) یوم تکبیر پر مسلم لیگ نون کی تقریب سے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت کے ایٹمی دھماکوں پر نواز شریف نے منہ توڑ جواب دیا۔ چھ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ تقریب سے شاہد خاقان، احسن اقبال، ایاز صادق، سعد رفیق، عبدالقادر بلوچ اور دیگر نے خطاب کیا۔ شہباز شریف نے ویڈیو لنک پر خطاب میں کہا اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا جب بھارت نے پانچ ایٹمی دھماکے کئے تو نوازشریف نے چھ دھماکے کرکے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایٹمی پروگرام بھٹو نے شروع کیا مگر اس کو منطقی انجام تک نوازشریف نے چاغی کے پہاڑوں پر دھماکے کرکے پہنچایا۔ لیگی رہنما مریم نواز یوم تکبیر کے حوالے سے ٹویٹس پر حکومتی وزرا پر برہم ہوئیں اور بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ قرار دے دیا۔ وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز ایٹمی قوت بنانے والی ایک نسل کی محنت اور کاوش کو اپنے خاندان سے نہ جوڑیں۔ جو اپنے بیانیے سے وفا نہ کرسکے وہ عوام سے کیا وفا کریں گے؟ ‏یہ عوام کی خدمت کیلئے نہیں بلکہ اپنے کاروبار کو دوام بخشنے کیلئے اقتدار میں آتے ہیں۔ یہ ملک کو آگے لے جانے کی بجائے پیچھے لے گئے ۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بھی روایتی انداز سے لیگی رہنما کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اپنے بیان میں کہا کہ نون لیگ کا ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ لینا بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ جیسی بات ہے۔ اگر پاکستان کا ایٹم بم اتفاق فاونڈری میں تیار ہوا ہے تو پھر قوم آل شریف کو کریڈٹ دینے کو تیار ہے۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ نوازشریف ایٹمی دھماکے کرنے کے سخت خلاف تھے۔ دھماکوں کا کریڈٹ لینے پر مسلم لیگ ن کی قیادت کو شرم آنی چاہیے۔