Thursday, April 25, 2024

بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدام کیخلاف آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قرارداد منظور

بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدام کیخلاف آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قرارداد منظور
August 5, 2020
 مظفرآباد (92 نیوز) بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدام کیخلاف آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قرارداد منظور ہو گئی۔ قرارداد وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے پیش کی۔ آزاد کشمیر اسمبلی نے بڑا مطالبہ کر دیا۔ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدام کیخلاف آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد راجہ فاروق حیدر نے پیش کی جس میں کہا گیا مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت کو رہا کیا جائے۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا خارجہ پالیسی کا نیا بیانیہ آنا چاہیے۔ آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مودی سب کیلئے خطرہ ہے۔ پاکستان نریندر مودی کو کھٹکتا ہے۔ آج مودی کے عزائم کھل کر سامنے آرہے ہیں۔ آزاد کشمیر کی پوری قیادت یوم استحصال کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہو گئی۔ سابق وزیراعظم سردار عتیق نے بھی کہا کشمیر ہر لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے۔ مودی کے غیر قانونی اقدام کیخلاف آزاد کشمیر بھر میں مظاہرے ہوئے۔ مظفر آباد، میرپور، کوٹلی اور دیگر شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ صبح 10 بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، منقسم کشمیری خاندانوں نے ریلی نکالی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کی سربراہی میں سیاسی قیادت نے اقوام متحدہ مبصر مشن تک ریلی نکالی اور اقوام متحدہ مبصر مشن کو احتجاجی قرارداد پیش کی۔ ریلیوں میں شریک نوجوانوں نے ہاتھوں میں زنجیریں پہن رکھی تھیں۔ صدر عارف علوی نے خطاب میں کہا پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بولے بھارت شکست کھا چکا، کشمیری بھارت سے متنفر ہیں۔