Friday, April 26, 2024

بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کشمیری تسلیم نہیں کرتے ، شاہ محمود قریشی

بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کشمیری تسلیم نہیں کرتے ، شاہ محمود قریشی
June 15, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کشمیری تسلیم نہیں کرتے۔ بھارت انسانی حقوق کی پامالیاں کیوں کر رہا ہے؟ جائزہ لیا جانا چاہیے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر کی تقسیم کو کسی نے تسلیم نہیں کیا۔ 5 اگست 2019 کے اقدامات کشمیری تسلیم نہیں کرتے۔ مقبوضہ کشمیر میں کھلی کچہری کا موقع فراہم کیا جائے۔ سلامتی کونسل کی ممبرشپ کے لئے ایک مرحلہ ہوتا ہے۔ بھارت سلامتی کونسل کا ممبر بن بھی گیا تو کوئی قیامت نہیں ٹوٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی قراردادوں کو اہمیت کیوں نہیں دے رہا۔ بھارت انسانی حقوق کی پامالیاں کیوں کر رہا ہے، جائزہ لیا جانا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو میں نے خطوط لکھے۔ خطوط میں بھارت میں مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے ظلم کا مکمل ذکر ہے۔ او آئی سی کے فورم کو بھی خطوط لکھے، مراسلے بھیجے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دہلی کے واقعات کو بھارت نہیں چھپا سکا۔ بھارت کا کونسا ہمسایہ ہے جو بھارتی حکومت کے اقدامات سے خوش ہو۔ بھارت کے چین سے لداخ معاملے پر مذاکرات چل رہے ہیں۔ بھارتی اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔