Tuesday, April 23, 2024

بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کیلئے وقت ، مقام خودطے کرینگے،قومی سلامتی کمیٹی

بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کیلئے وقت ، مقام خودطے کرینگے،قومی سلامتی کمیٹی
February 26, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت  قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بھارت کی جانب سے بالا کوٹ میں دہشتگردوں کے مبینہ ٹھکانے کو نشانہ بنانے  کے دعوے کو مسترد کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے شرکا کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کے لئے  وقت اور مقام خود طے کرینگے ۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف، وزیر دفاع، وزیر خزانہ، وزیر خارجہ  شریک تھے ۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے قومی سلامتی کے تمام اداروں اور قوم کو تیار رہنے کی ہدایت دے دی  ۔ وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا۔ جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے  جبکہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسی کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارت کے ڈھونگ کی بنیاد اندرونی  انتخابی ماحول ہے ، بھارت نے خطے کے امن و سلامتی کو خطرات سے دو چار کر دیا ہے ۔ قومی سلامتی کمیٹی میں  بھارت کے تمام دعوے مسترد کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بین الاقوامی میڈیا کو متاثرہ جگہ تک لے جایا جا رہا ہے ۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے عالمی برادری کوبھی  متاثرہ علاقے کا مشاہدہ کرانے کی دعوت دی اور پیشکش کی کہ عالمی برادری خود آکر زمینی حقائق کو دیکھے۔