Thursday, September 19, 2024

بھارت کی کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی ، 8سالہ آیان شہید

بھارت کی کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی ، 8سالہ آیان شہید
February 19, 2018

راولپنڈی ( 92 نیوز ) بھارت خطے کے امن کوتباہ کرنے پر تل گیا،جنونی دشمن نے پھراشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا ۔ سرحد پار سے کنٹرول لائن  پر گولہ باری کی گئی جس سے 8سالہ بچہ شہید ہو گیا ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن کی گولہ باری سے جاجوٹ گاؤں کا 8 سالہ بچہ آیان شہید ہوا ۔ وطن کے محافظوں نے دندان شکن جواب دیتے ہوئے گولہ باری کرنے والی بھارتی چیک پوسٹ تباہ کردی،دو فوجی بھی ہلاک ہو گئے ۔

 مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلنے والا بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پربھی جرائم کے ارتکاب سے باز نہ آیا ۔خواتین ، بچوں اور جانوروں کو نشانہ بنانے والے بھارتی درندوں کا بٹل میں بچوں کی اسکول وین کے بعددل نہ بھر ا تو کنٹرول لائن پرایک اورمعصوم پھول  8سالہ آیان کی جان لے لی ۔

بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے جاجوٹ کا 8سالہ آیان شہیدہواتو پاک فوج نے انسانیت کے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ۔شہری آبادی کو نشانہ بنانے والی بھارتی فوجی چوکیوں پرپاک فوج کی تابڑ توڑ کارروائی میں چوکیاں تباہ  ہو گئیں جب کہ  2بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کہتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنز کے استعمال، 8سالہ آیان سمیت کنٹرول لائن پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا۔

پاکستان بھارت کے سامنے سراپا احتجاج بھی ہے اور اقوام عالم کے سامنے انصاف کا طلبگار بھی ،لیکن عالمی برادری کو تو جیسے سانپ سونگھ گیا ہو ۔

سفارتی و سرکاری ذرائع کے مطابق تاحال بھارتی فورسز نے فائربندی کی 340سے زائد خلاف ورزیوں میں 65 افرادزخمی اور 13 شہید ہوچکے ۔