Thursday, April 18, 2024

بھارت کی نکیال،تتہ پانی،جندروٹ میں بلاشتعال فائرنگ،دو فوجی جوانوں سمیت 4 افراد شہید

بھارت کی نکیال،تتہ پانی،جندروٹ میں بلاشتعال فائرنگ،دو فوجی جوانوں سمیت 4 افراد شہید
March 2, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز) احسان فراموش بھارت  کی جانب سے نکیال ، تتہ پانی اور جند روٹ میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس سے پاک فوج کے دو جوانوں سمیت چار شہری  شہید ہو گئے ۔ آئی ایس پی آر  کےمطابق دشمن فوج کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے خلاف لڑتے ہوئے دو جوان شہید ہو گئے، شہید جوانوں کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دیے گئے  ، اس سے قبل تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ سے دو شہری شہید اور خاتون سمیت دو شہری زخمی بھی ہوئے۔ وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان دھرتی پر قربان ہو گئے ۔ جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج کی سرحدوں پر دہشتگردی جاری، دشمن فوج  کی اشتعال انگیز کارروائیوں کا جواب دیتے ہوئے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  نکیال سیکٹر میں بھارتی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کی، پاک فوج کی جانب سے دشمن کی کارروائی کابھرپور جواب دیا گیا،، معرکے میں حولدار عبدالرب اور نائیک خرم شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر آئی ایس پی آر نے شہدائے نکیال کی تفصیلات بھی جاری کردیں،شہید حوالدار عبدالرب کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے،جنہوں نے سوگواران میں بیوہ اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ شہید نائیک خرم کا تعلق بھی ڈیرہ غازی خان سے تھا جن کے پسماند گان میں بیوہ اور ایک بیٹی شامل ہے۔ شہید خرم علی اور نائیک عبدالرب کا جسد خاکی ڈی جی خان پہنچا دیا گیا شہدا کے اہلخانہ نے پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا۔ شہید خرم علی کا نماز جنازہ دوپہر تین بجے ادا کای جائے گا ، شہید خرم کی تدفین ڈی جی خان اور عبدالرب کی تونسہ شریف  میں کی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل  بھارت نے  لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، دشمن نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں دو شہری شہید اور خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے کوٹلی کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے دشمن فوج کا منہ توڑ جواب دیا ، پاک فوج نے ردعمل میں بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا، موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیوی الرٹ ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب نے  بھارتی فورسز کی جانب سے کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے  کی پر زور مذمت کی ۔ سردار عثمان بزدار نے  دشمن کامقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے جوانوں کو  خراج عقیدت پیش کیا اور  اور کہا کہ  دفاع وطن کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوان ہمارے ہیرو ہیں ۔