Tuesday, May 14, 2024

بھارت کی جنگی جنون کو ہوا دینے کی کوشش تشویشناک ہے ، تہمینہ جنجوعہ

بھارت کی جنگی جنون کو ہوا دینے کی کوشش تشویشناک ہے ، تہمینہ جنجوعہ
February 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے بھارتی حکام اورمیڈیا کی جنگی جنون کو ہوا دینے کی کوشش تشویشناک ہے۔ بھارتی طرز عمل خطے کے امن و سلامتی پرمنفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔ پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی کے معاملے پر سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے یورپین سفراء کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری  ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بیلجیم کے سفیر فریڈرک ویریڈن سے ملاقات کے دوران سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا بھارتی حکام اور میڈیا کی جنگی جنون کو ہوا دینے کی کوشش تشویشناک ہے ۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے جرمن سفیر مارٹن کوبلر اور فرانسیسی سفیر مارک بیریٹی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر اور علاقائی صورتحال پر بریفنگ دی ۔ سیکرٹری خارجہ نے سفراء کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا جبکہ خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی ۔ دوسری جانب بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں اور حکام کے تحفظ و سلامتی کے معاملے میں ناکامی پر پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج  کیا ۔ سپیشل سیکرٹری ایشیاء و بحرالکاہل نے بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر گوروو اہلووالیہ کو دفتر خارجہ طلب کیا ،  احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا  ۔ مراسلے میں پاکستان ہاؤس، ہائی کمیشن، سفارتکاروں، حکام اور خاندانوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے بھارت انتہائی تشویشناک معاملے کی فوری اور جامع تحقیقات کرے ۔