Friday, April 26, 2024

بھارت کی بھرپور مخالفت کے باوجود سلامتی کونسل میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی، شاہ محمود قریشی

بھارت کی بھرپور مخالفت کے باوجود سلامتی کونسل میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی، شاہ محمود قریشی
August 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت کی بھرپور مخالفت کے باوجود سلامتی کونسل میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی۔ مقبوضہ جموں کشمیر سے متعلق خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کل ہم نے بہت بڑا معرکہ سر کیا ہے جس پر بھارت چونک گیا۔ سلامتی کونسل کا اجلاس حوصلہ افزا رہا۔ عالمی میڈیا نے بڑے عرصے بعد پاکستانی مؤقف کا کھل کر ساتھ دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا مودی سرکار نے نہرو کے بھارت کو دفن کر دیا ہے۔ یہ آوازیں بھارت سے اٹھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کی نیت پر شک ہے، اسکے ارادوں کیلئے قوم اور پاکستانی تیار ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کی نظر میں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت جیل کی صورتحال ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر کے باہر بھارتی فوج تعینات ہے۔ کشمیریوں کو تھریٹ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کا ردعمل آئے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج تیار ہے، ایل اوسی پر فورسز پہلے سے موجود ہیں۔ بھارتی فوج نے کوئی مس ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیں گے۔ مسلح افواج ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ سرحد پر کچھ ہوا تو پاک فوج بھرپور جواب دے گی۔