Thursday, March 28, 2024

بھارت کو ہمارے صبر کا امتحان نہیں لیناچاہئے،وزیرخارجہ کا جنرل اسمبلی سے خطاب

بھارت کو ہمارے صبر کا امتحان نہیں لیناچاہئے،وزیرخارجہ کا جنرل اسمبلی سے خطاب
September 30, 2018
نیو یارک ( 92 نیوز )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ہمارے صبر کا امتحان نہیں لینا چاہئے ،  بھارت میں مہم جوئی کے خیالی پلاؤ پکائے جا رہے ہیں ،  اگر محدود یا کسی بھی طرح کی جنگ کی  کوشش کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کا حقیقی چہرہ پوری دنیا پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ  بھارت سانحہ مستونگ اور آرمی پبلک اسکول کے دہشتگردوں کا پشت پناہ ہے ، بھارت نے  پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے والوں کی معالی معاونت کی ، اب بھارت کشمیر میں بھی دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے جب کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں ساری دنیا کے سامنے جاری ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے بھارتی نیوی کے کمانڈر کلبھوشن یادو کی گرفتاری اور اعترافی بیان کو بطور ثبوت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ایما پر  پاکستان میں دہشتگردی کے منصوبے بنائے گئے اور دہشتگردوں کی معالی معاونت کی گئی ۔ ہم تمام واقعات کے ثبوت تمام دنیا کے ساتھ شیئرکرنا چاہتے ہیں  ،کلبھوشن یادو نے بھارتی حکومت کی معاونت کے ساتھ پاکستان میں دہشتگردی کی جس کے واضح ثبوت پیش کئے جا چکے ہیں ۔ وزیر خارجہ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مودی سرکار نے  پر امن بات چیت کی بجائے سیاست کو ترجیح دی ، مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے حل تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ، اقوام متحدہ  کشمیر کیلئے   کمیشن  کا قیام عمل میں لایا ہے جس کا پاکستان خیرمقدم کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ بھارت بھی کرے گا۔ افغانستان کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام اقوام عالم کے غلط اندازوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔