Friday, April 26, 2024

بھارت کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ، قومی سلامتی کمیٹی کا فیصلہ

بھارت کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ، قومی سلامتی کمیٹی کا فیصلہ
February 21, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارت کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاکستان نے پلوامہ حملے پر واویلا کرنے والے بھارت کو اوقات بتا دی۔ مودی سرکار کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا اعلان کر دیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق بھارت پاکستان کو پلوامہ حملے کے ثبوت دے توپاکستان کارروائی کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  سمیت سروسز چیفس کی شرکت ہوئی۔ حساس اداروں کے سربراہ ، سکیورٹی حکام ، دفاع اور خارجہ سمیت وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پلوامہ حملے پر بھارتی پروپیگنڈے اور ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی الزامات مسترد کر دئیے اور واقعہ میں ملوث کرنے کی بھارتی کوششوں کی شدید مذمت کی۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارت کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاکستان پلوامہ حملے میں کسی بھی طرح ملوث نہیں۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے مخلصانہ پیش کش کی گئی اور کہا گیا امید ہے بھارت مثبت جواب دے گا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ نیا پاکستان ہے، ریاست اپنے لوگوں کا تحفظ یقینی بنائے گی، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف  70 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں نیشنل ایکشن پلان پر متفق ہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر یورپی پارلیمنٹ کی رپورٹ کا خیر مقدم کیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں افغان امن عمل اور پاکستان کی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ کمیٹی نے افغان مفاہمتی عمل کیلئے پاکستان کی کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں سعودی ولی عہد کے دورے اور دیگر امور پر بھی زیر غور آئے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ اجلاس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس میں ہونے والی  پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت خارجہ کے حکام نے  کلبھوشن یادیو کیس پر بریفنگ دی۔