Monday, May 6, 2024

بھارت کو مہم جوئی کیلئے بیرونی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے، دفتر خارجہ

بھارت کو مہم جوئی کیلئے بیرونی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے، دفتر خارجہ
December 18, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کہتے ہیں بھارت کو مہم جوئی کیلئے بیرونی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے تاہم افواج پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب دینے کو تیار ہیں۔

ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بھارت کی جانب سے پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی۔ چری کوٹ سیکٹر پر اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ خوش قسمتی سے اقوام متحدہ کے دونوں اہلکار محفوظ رہے۔

ترجمان کا کہنا تھا بھارت، پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری کر رہا ہے بھارت کو فوجی مہم جوئی کیلئے بیرونی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے۔ پاکستان کے پاس بھارتی منصوبے کی قابل اعتماد معلومات موجود ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، عالمی برادری بھارت کو خطے کا امن تباہ کرنے سے باز رکھے۔ بھارت کو کسی بھی صورتحال کی سنگینی کا اندازہ ہونا چاہئے۔

اُن کا کہنا تھا پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کیخلاف عالمی برادری سے رابطے میں ہے پاکستان نے اپنے خدشات، بھارتی ممکنہ مہم جوئی پر ممکنہ ردعمل سے متعلق اہم دارلحکومتوں کو آگاہ کر دیا۔ پاکستان نے سرحدی، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر ہمیشہ انسانی ہمدردی کو ملحوظ خاطر رکھا۔ ہندوستان نے بیشتر مرتبہ انسانی ہمدردی کے اُمور کا ویسا ہی جواب نہیں دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ بولے کہ پاکستان کے اعلیٰ حکام کے دورہ اسرائیل سے متعلق خبریں، لغو اور قیاس آرائیاں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلیفون پربات ہوئی۔ پاکستان، افغانستان امن کیلئے فوجی نہیں، مذاکراتی عمل کی حمایت کرتا رہا ہے پاکستان، پُرامن افغانستان کیلئے مذاکراتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے دورہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح پر زور دیا۔ مزید کہا کہ پاک، ایران سرحد پر گبد، ریمدان سرحدی گزرگاہ کے کھلنے سے عوامی روابط مزید بڑھیں گے۔ افغان امن عمل میں امریکا، طالبان معاہدہ، افغان فریقین کے مابین مذاکرات، افغان حکومت طالبان معاہدہ اہم پیشرفت ہے۔