Wednesday, April 24, 2024

بھارت کو جواب دینے کا فیصلہ‘ الیکشن کمیشن آف پاکستان سارک الیکشن مینجمنٹ کانفرنس میں شرکت نہیں کریگا

بھارت کو جواب دینے کا فیصلہ‘ الیکشن کمیشن آف پاکستان سارک الیکشن مینجمنٹ کانفرنس میں شرکت نہیں کریگا
October 21, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ بھلے معذرت خوانہ رویہ رکھے لیکن الیکشن کمیشن آف پاکستان بھارت کے سامنے سینہ تان کر کھڑا ہو گیا ہے۔ جی ہاں بھارت میں ہونے والی سارک الیکشن ٹریننگ کانفرنس میں شرکت سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انکار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ بے شک بھارت کی منتیں کرے سیریز کھیلنے کے لیے بار بار وہاں کا رخ کرے لیکن سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہمیشہ تنقید کی زد میں رہنے والا الیکشن کمیشن بھارت کے سامنے ڈٹ گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ ہفتے سارک الیکشن مینجمنٹ کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے موجودہ حالات میں بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن اس کانفرنس میں اپنا کوئی بھی آفیشل نہیں بھجوائے گا۔ انتخابی عمل کی تربیت کے حوالے سے سارک ممالک کی کانفرنس 17 سے 16 نومبر تک بھارت میں ہونا ہے۔ الیکشن کمیشن میں ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی دعوت نامہ موصول ہوا ہے اور پاکستان اپنا کوئی بھی نمائندہ اس کانفرنس میں نہیں بھجوائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارت جانے کو الیکشن کمیشن حکام مناسب نہیں سمجھتے۔ چیئرمین پی سی بی کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور خراب بھارتی حالات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے دلیرانہ موقف اپناتے ہوئے بھارت کو صاف جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔