Friday, April 26, 2024

بھارت کو جاسوس کمانڈر کلبھوشن تک تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش کا جواب نہیں ملا، عائشہ فاروقی

بھارت کو جاسوس کمانڈر کلبھوشن تک تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش کا جواب نہیں ملا، عائشہ فاروقی
July 23, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ بھارت کو جاسوس کمانڈر کلبھوشن تک تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش کی، جواب نہیں ملا۔ کلبھوشن سے والد کی ملاقات کی پیشکش  پر بھی بھارت نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کلبھوشن بارے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے تناظر میں کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کا دورہ پاکستان متوقع ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن اور بین الاقوامی میڈیا کو کنٹرول لائن تک رسائی فراہم کی۔ گزشتہ روز بھی بین الاقوامی میڈیا کو لائن آف کنٹرول تک رسائی فراہم کی گئی۔ ترجمان کے مطابق افغان فورسز نے 15 جولائی کو مہمند اور باجوڑ پر دوبارہ شیلنگ کی۔ افغان فورسز کی شیلنگ سے انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔ پاکستان پالیسی پیرائے میں افغان سرحد پر توپخانہ، مارٹرز کا استعمال نہیں کر رہا۔ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ کورونا وباء کے باعث بیرون ممالک محصور اڑھائی لاکھ پھنسے پاکستانیوں کو واپس لایا گیا۔ شاہی فرمان کے تحت کئی ہزار پاکستانیوں کو رہا کروا کر وطن واپس لایا گیا۔ چین میں گلگت بلتستان کے وطن واپسی کے خواہشمند طلباء کے امور زیر غور ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم لیبیا کی قومی سالمیت اور خود مختاری کے حامی ہیں۔ لیبیا کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد کو ٹیلی فون کیا۔ وزیر اعظم نے بنگلہ دیش میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سارک تنظیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بنگلہ دیشی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔