Thursday, April 25, 2024

بھارت کو تاریخ معاف نہیں کریگی ، ہر خالی صفحہ چیخ چیخ کر حقائق بتائے گا ، سیدعلی گیلانی

بھارت کو تاریخ معاف نہیں کریگی ، ہر خالی صفحہ چیخ چیخ کر حقائق بتائے گا ، سیدعلی گیلانی
August 25, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی کا کہنا ہے کہ بھارت کو تاریخ معاف نہیں کریگی ۔ ہر خالی صفحہ چیخ چیخ کر حقائق بتائے گا۔

حریت رہنما سید علی گیلانی نے کشمیری عوام کے نام خط لکھا جس میں انہوں نے بھارت کے غاضبانہ قبضے کیخلاف اور زہر الود منصوبے کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل دے دیا۔

حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا بھارت کشمیر کا جغرافیہ، ہیت اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ بھارتی اقدامات عالمی قوانین، اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے منافی ہیں۔ بھارت کو تاریخ معاف نہیں کریگی۔ ہر خالی صفحہ چیخ چیخ کر حقائق بتائے گا۔

بزرگ کشمیری رہنما نے کہا کہ بھارت ہماری زمین ہی نہیں۔ مشترکہ شناخت اور بھائی چارے کی تباہی چاہتا ہے۔ ہمیں بھارت منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دینا۔ ہمیں اپنی زندگیاں، املاک اور شناخت بچانے کیلئے متحد ہو کر کھڑا ہونا ہو گا۔ بھارتی قبضے سے مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھنا ہو گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت جان لے 10 لاکھ نہیں پوری فوج بھی لے آئے کشمیری اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان، پاکستانی عوام اور مسلم امہ سے کشمیریوں کی فوری مدد کی بھی اپیل کی جبکہ وادی میں سرکاری حکام کیلئے پیغام دیا کہ احتجاج میں شامل ہوں۔