Sunday, May 12, 2024

بھارت کو افغانستان میں بہت بڑی شکست ہوئی، شیخ رشید

بھارت کو افغانستان میں بہت بڑی شکست ہوئی، شیخ رشید
September 5, 2021 ویب ڈیسک

طور خم (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید کہتے ہیں، بھارت کو افغانستان میں بہت بڑی شکست ہوئی ہے۔ طور خم میں مہاجرین کا کوئی کیمپ نہیں۔ 

اتوار کے روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے طورخم بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا، را اور این ڈی ایس تلوے چاٹ رہے ہیں، بھارت نے طور خم کے حوالے سے غلط تاثر دیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا، افغانستان کا امن ہمارا استحکام ہے، افغانستان کی ترقی ہماری ترقی ہے۔ طالبان حکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا، جنرل فیض اگر کابل گئے ہیں تو بھارت کو اس سے کیا تکلیف ہے؟۔ دنیا میں سیاست ہل کے رہ گئی ہے۔ ہم نے 80 ہزار لوگوں کا نذرانہ دیا ہے، بھارت نے افغانستان میں 40 سال تربیتی کیمپ بنائے ہیں، سارا عالم اسلام سید علی شاہ گیلانی کے میت کی بے حرمتی کی مذمت کر رہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا، ہم نے افغانستان سے 10 ہزار افراد کا انخلاء کیا ہے۔ یہ خطہ اہم ہونے جا رہا ہے، ممکن ہے کہ ایک نیا بلاک بننے جا رہا ہو۔ مزید کہا کہ، پاک فوج، ایف آئی اے، نادرا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا، کوئٹہ دھماکے سے متعلق تحقیقات  ہو رہی ہیں، ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینگے۔ یہ خطہ ترقی کرنے جا رہا ہے۔