Saturday, May 11, 2024

بھارت کو افغانستان سے متعلق گمراہ کن پالیسیوں پر خود منہ کی کھانی پڑ گئی

بھارت کو افغانستان سے متعلق گمراہ کن پالیسیوں پر خود منہ کی کھانی پڑ گئی
August 22, 2021 ویب ڈیسک

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت کی افغانستان پر گمراہ کن پالیسیاں ، مشیر سلامتی اجیت ڈوول کے غلط مشورے نے نہ صرف افغانستان اور مغرب کو دھوکا دیا بلکہ خود بھارت کو بھی منفی روش پر منہ کی کھانی پڑی۔

بھارت کی افغانستان سے متعلق گمراہ کن پالیسیاں اور مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول کے غلط مشورے نے مودی سرکار کو دنیا بھر میں رسوا کر دیا۔ بھارت نے افغانستان سے متعلق غلط اندازے لگائے اور مغرب کو گمراہ کیا۔ بھارت کی اسی منفی روش نے آج افغانستان کو قیامت خیز دن دیکھنا پڑا۔

پاکستان مسلسل کہتا رہا افغان نیشنل آرمی لڑنے کی صلاحیت، جذبہ نہیں رکھتی جبکہ بھارت کے مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول اس حقیقت سے مسلسل انکار کرتے رہے۔ ڈوول نے خود کو درست ثابت کرنے کے لیے اپنا فرسودہ فلسفہ کئی جگہ دہرایا۔ کہتے رہے پاک فوج کے پندرہ بیس جنرلز میں سے کسی سے پوچھیں، ہر کوئی ایک بات کرے گا کہ افغان نیشنل آرمی میں افغانستان سنبھالنے کی اہلیت نہیں لیکن وہ پاکستان کی ان باتوں کو نہیں مانتے ۔

اجیت ڈوول نے ایک لیکچر میں دعویٰ کیا کہ افغان فورسز کو بہترین ہتھیاروں سے مسلح کیا گیا، زبردست تربیت دی جا رہی ہے۔ ہندوستان اس لیے سب اچھا کا راگ الاپتا رہا کہ وہ امریکا کیساتھ مل کر افغان آرمی کو تربیت دے رہا تھا۔ بھارت اور امریکا کی تربیت یافتہ بہترین نیشنل آرمی نے افغانستان طالبان کو پلیٹ میں رکھ کر دے دیا۔ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد بھارت اور مغرب کو اب پاکستان کے حقیقی مشورے یاد آتے ہوں گے۔ وقت نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا موقف بعین درست تھا۔

بھارت کے منفی پروپیگنڈے  نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے کہ انڈیا نے افغانستان کو اپنے مفادات کی بھینٹ کیوں چڑھایا؟ بھارت نے افغان عوام اور فورسز کے ساتھ ایسا کیوں کیا؟ جب افغانوں پر آزمائش آن پڑی تو "نیٹ سیکیورٹی پرووائڈر" بھارت کیوں بھاگ کھڑا ہوا؟ ہندوستان نے عالمی طاقتوں سے مسلسل جھوٹ بولا، انہیں گمراہ کیا۔ وقت آ گیا ہے کہ مغرب اور افغانستان، ہندوستان سے جواب طلبی کرے اور اس کا کڑا محاسبہ کرے۔