Friday, April 26, 2024

بھارت کا یو این فوجی مبصر مشن پر حملہ ، پاکستان نے معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے اٹھا دیا

بھارت کا یو این فوجی مبصر مشن پر حملہ ، پاکستان نے معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے اٹھا دیا
December 20, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے بھارت کے یو این فوجی مبصر مشن پر حملے کا معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے اٹھا دیا اور حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم کے پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، صدر سلامتی کونسل کے نام لکھے خط میں کہا ہے بھارتی قابض فورسز نے جان بوجھ کر اقوام متحدہ کے مبصرین اور گاڑی پر حملہ کیا۔ بھارتی حملے کا مقصد اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو کام سے بزور طاقت روکنا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کا حملہ پاکستان پر مہم جوئی کی کوشش ہو سکتی ہے۔ بھارت داخلی مسائل اور مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے۔

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے فوجی مبصرین پر حملے کی زبردست  مذمت کرے۔ اقوام متحدہ بھارت کو 2003ء کے فائر بندی انتظام پر عملدرآمد کروائے۔ اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کی مضبوطی کیلئے پاکستانی تجاویز پر مثبت ردعمل دے۔