Monday, May 20, 2024

بھارت کا کورونا کے پیش نظر پاکستان کیساتھ تمام سرحدیں بند کرنے کا اعلان

بھارت کا کورونا کے پیش نظر پاکستان کیساتھ تمام سرحدیں بند کرنے کا اعلان
March 15, 2020
نئی دہلی (92 نیوز) بھارت نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستان سے ملنے والی تمام سرحدیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان نے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے شہریوں کے کرتارپور راہداری جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق کورونا وائرس کے خدشے کے پیش  نظر پاکستان کے ساتھ تمام بارڈرز، جہاں سے مسافروں کی آمد و رفت ہوتی ہے، تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ مستند ویزہ رکھنے والے سفارتکار اور اقوام متحدہ کے اہلکار اٹاری کراسنگ پوائنٹ سے داخل ہوسکیں گے جن کی ہیلتھ سکریننگ کی جائیگی اور ضرورت پڑنے پر قرنطینہ منتقل کردیا جائے گا۔ بھارت میں کورونا وائرس سے باعث دو افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد متاثر ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان نے کرونا وائرس کا ممکنہ پھیلاؤ روکنے کیلئے تین ہفتوں تک اپنے شہریوں کے  کرتارپور جانے پر پابندی لگادی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نارووال شاہد زمان لک کے مطابق بھارتی سکھ یاتریوں کو مکمل اسکریننگ کے بعد کرتارپور جانے کی اجازت دی جائے گی، کرتار پور آنے والوں کی اسکریننگ کے لیے الگ کاؤنٹرز بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پابندی کا فیصلہ حکومتی ہدایات پر کیا گیا جس کا مقصد عوام کو کورونا وائرس سے بچانا  ہے۔