Sunday, September 8, 2024

بھارت کا پاکستانی سفارتکاروں کو میچ دیکھنے کی اجازت دینے سے انکار

بھارت کا پاکستانی سفارتکاروں کو میچ دیکھنے کی اجازت دینے سے انکار
March 15, 2016
لاہور (92نیوز) بھارت کا سفارتی گھٹیا پن، کل کا میچ کولکتہ دیکھنے کیلئے پاکستانی سفارتکاروں کو اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے اجازت نہیں مانگی تھی۔ چھ سفاتکاروں میں سے ایک کو اجازت دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے معاملے پر بھارت ایک بار پھر پاکستان سے ہاتھ کر گیا۔ اس بار نئی دہلی میں موجود پاکستان ہائی کمیشن کے ارکان کو کل کلکتہ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے میچ میں جانے سے روک دیا اور صرف اتنا بتایا گیا کہ آپ لوگ میچ کے لیے نہیں جا سکتے۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان نے نائنٹی ٹو نیوز کو بتایا کہ بھارت میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے ہائی کمیشن نے مختلف ٹیمیں تشکیل دی تھیں تاکہ پاکستان کے میچز کے دوران خود جا کر کرکٹ ٹیم‘ پاکستانی شائقین اور پاکستان سے کوریج کے لیے جانے والے صحافیوں کا خیال رکھا جائے اور کسی بھی مشکل صورتحال میں ان کی رہنمائی کی جائے۔ ترجمان کے مطابق اس مقصد کے لیے ایک سفارتی ٹیم نے کلکتہ جانا تھا جسے بھارتی حکام نے بغیر کوئی وجہ بتائے جانے سے روک دیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن نے بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کر کے معاملہ اٹھایا ہے۔ دریں اثنا بھارتی ہائی کمیشن کے متضادبیانات جاری ہیں۔ پہلے کہا 9 میں سے 4 اہلکاروں کو میچ دیکھنے کی اجازت دی۔ شور مچا تو بھارتی ہائی کمیشن نے بیان ہی بدل لیا۔ ترجمان بھارتی ہائی کمیشن بلیرسنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے کسی اہلکار کے میچ دیکھنے پر پابندی نہیں۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کو تمام سہولیات دستیاب ہیں۔ پاکستانی سفارتی عملہ کسی بھی شہرمیں میچ دیکھ سکتا ہے۔