Thursday, April 25, 2024

بھارت کا وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے سویلین آبادی پر حملہ ، 2 شہری شہید

بھارت کا وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے سویلین آبادی پر حملہ ، 2 شہری شہید
August 3, 2019

راولپنڈی (92 نیوز) بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے سویلین آبادی پر حملہ کیا جس سے 2 شہری شہید ہو گئے۔

دوغلے بھارت کی دوغلی پالیسی بے نقاب ہو گئی۔ جنیوا کنونشن کے تحت اپنے دہشت گرد کلبھوشن کی رہائی کی عالمی عدالت میں دہائی دیتا رہا اور آزاد کشمیر میں سویلین آبادی  پر کلسٹر ٹوائے بم مار کر اسی جینوا کنونشن کے قوانین کو ہوا میں اڑا دیا۔

کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش بھارت کو ہضم نہیں ہورہی۔ بھارتی حکومت کو پاکستان کی جانب سے امن کے قیام کی کوششوں اور امریکہ سمیت پوری دنیا کی جانب سے پاکستانی موقف کی تائید  ایک آنکھ نہیں بھا رہی۔

مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں بھارتی فوج نے درندگی کی تمام حدیں پار کردیں۔ بھارتی فوج بدمست ہاتھی کی طرح عالمی قوانین کو اپنے پاؤں تلے روندرہی ہے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق مقبوضہ اور آزاد کشمیر میں بھارت کی جانب سے جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی  جارہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کو وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 4 سالہ بچے سمیت 2 شہری شہید اور گیارہ زخمی ہوئے تھے۔

پاک فوج کے ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت کے جارحانہ اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے۔