Thursday, September 19, 2024

بھارت کا مذہبی آزادی کا معائنہ کرنیوالی امریکی ٹیم کو ویزے دینے سے انکار

بھارت کا مذہبی آزادی کا معائنہ کرنیوالی امریکی ٹیم کو ویزے دینے سے انکار
March 6, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) بھارت نے دنیابھر میں مذہبی آزادی کی نگرانی کرنے والے امریکی سرکاری ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے مذہبی آزادی پر بھی پہرے بٹھا دیے ہیں۔ واشنگٹن میں بھارتی ایمبیسی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دنیابھر میں مذہبی آزادی کی نگرانی کرنے والے امریکہ کے سرکاری وفد کی ویزوں کے حصول کی درخواستیں رد کر دی گئی ہیں۔ یو ایس کمیشن آن انٹرنیشنل ریلی جیئس فریڈم (یو ایس سی آئی آر ایف) مختلف ممالک کے دورے کر کے اس بات کا مشاہدہ کرتا ہے لوگ اپنی مذہبی عبادات کی ادائیگی میں کتنے آزاد ہیں۔ امریکی سرکاری ٹیم مذہبی پابندیوں کیخلاف نہ صرف پالیسی بناتی ہے بلکہ امریکی حکومت کو اس سے نمٹنے کیلئے سفارشات بھی مرتب کرتی ہے۔ واضح رہے کہ نریندر مودی کے زیرسایہ قائم ہندو انتہا پسند حکومت پر الزام ہے کہ وہ ملک میں شدت پسندی اور عدم برداشت کو فروغ دینے میں ملوث ہے۔ بھارت میں 2014ءمیں مودی سرکار کے قیام سے اب تک دانشوروں پر متعدد حملے ہو چکے ہیں جبکہ گائے کا گوشت کھانے کے شبے میں متعدد مسلمانوں کو انتہاپسند ہندو اپنے جنون کی بھینٹ چڑھا چکے ہیں۔ امریکی سرکاری ٹیم نے بھارت کی جانب سے ویزے جاری نہ ہونے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔