Saturday, April 20, 2024

بھارت کا فرانس سے ہنگامی بنیادوں پر ہیمر میزائل خریدنے کا فیصلہ

بھارت کا فرانس سے ہنگامی بنیادوں پر ہیمر میزائل خریدنے کا فیصلہ
July 25, 2020
نئی دہلی (92 نیوز) انتہاء پسند مودی کے سر پر جنگ کی دھن سوارہوگیا۔ ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرکے بھارت اسلحے کے انبار لگانے لگا۔ رافیل طیاروں کے بعد بھارت نے فرانس سے ہنگامی بنیادوں پر ہیمر میزائل خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔ بھارتی حکام کی جانب سے میزائلوں کی تعداد اور معاہدے کی تفصیلات کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق ممکنہ ڈیل کے نتیجے میں کم از کم 100 ہیمر میزائل خریدے جائیں گے۔ بھارت کو 5 رافیل طیارے انتیس جولائی کو موصول ہونے کا امکان ہے، جنہیں ہریانہ کے شہر امبالہ کے ہوائی اڈے پر پہنچایا جائے گا، طیاروں کی وصولی کے ساتھ ہی مودی حکومت فرانس سے خطرناک ہیمر میزائلوں کا معاہدہ بھی کر رہی ہے، جس کیلئے بھارتی فوج ایمرجنسی پاورز کا استعمال کررہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت 60 سے 70 کلو میٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے ان جدید میزائلوں کو چین کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں خرید رہا ہے۔ بھارتی اپوزیشن نے ہیمر میزائلوں کے معاہدے پر سوالات اٹھا دیئے ہیں، کانگریس کے سینئر رہنماء منیش تیواری نے ٹویٹ کے ذریعے پوچھا کہ ہیمر میزائلوں کا معاہدہ رافیل طیاروں کی خریداری کے ساتھ ہی کیوں نہیں کیا گیا؟۔ سستی قیمت پر ملنے والے اور پہلے سے بھارتی فضائیہ کے پاس موجود ’سپائس‘ اور ’پیو وے‘ میزائلوں کو رافیل طیاروں کیساتھ کیوں نہیں جوڑا گیا؟؟، کیا ہیمر میزائلوں کی قیمت اسپائس اور پیو وے سے 6 سے 7 گنا زیادہ نہیں؟۔ دوسری جانب بھارتی حکمران جماعت کھوکھلی دھمکیوں سے ہی باز نہیں آ رہی، بی جے پی کے سیکرٹری جنرل بھوپندر یادیو کا کہنا تھا کہ ہیمر میزائلوں کی خریداری کے بعد بھارت کے دشمن بنکروں میں بھی نہیں چھپ سکیں گے۔