Tuesday, May 21, 2024

بھارت کا سیکولر اسٹیٹ کا چہرہ گلی گلی نگر نگر ملیا میٹ ہورہا ہے، فردوس عاشق

بھارت کا سیکولر اسٹیٹ کا چہرہ گلی گلی نگر نگر ملیا میٹ ہورہا ہے، فردوس عاشق
December 22, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) بھارت کا سیکولر اسٹیٹ کا چہرہ گلی گلی نگر نگر ملیا میٹ ہورہا ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اندرونی انتشار، افراتفری سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پرچھیڑ خانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں دو قومی نظریہ جیت گیا ہے،آج بھارت میں اقلیتیں دو قومی نظریے کے ہیرو کو یاد کررہی ہیں،بھارت اندرونی انتشار کا شکار ہے۔ بھارتی حکومت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت جو بھی کرلے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے، کسی بھی مس ایڈوانچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔بھارت کا مکروہ چہرہ پاکستانی میڈیا کے ذریعے بے نقاب ہورہا ہے۔ معاون خصوصی کہتی ہیںایک شخص کو بے نظیر کی یاد صرف ان کی برسی پر ستاتی ہے، جس کی پرچی کے ذریعے سلیکشن ہوئی وہ وزیراعظم کو سلیکٹڈ کا طعنہ دے رہا ہے۔ بلاول بھٹو وہ جمہوریت چاہتے ہیں جس میں کرپشن کے لائسنس بانٹے جاتے ہوں، یہ وہ جمہوریت نہیں جس میں راتوں رات فالودہ والے کے اکائونٹ سے اربوں روپے برآمد ہوں۔ فردوس عاشق بولیں کہ 10سال گٹھ جوڑاور مک مکا کی سیاست نے پارلیمنٹ میں بیٹھ کر جمہوریت کی پیٹھ میں چھڑا گھونپا،بلاول بھٹو سب سے پہلے جمہوریت اپنی پارٹی اور خاندان میں لائیںمیرٹ پر سلیکشن فاطمہ بھٹو کی بنتی ہے،بلاول کا بھٹو غیر جمہوری ہے تو وہ کیسے جمہوریت کی بات کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کٹھ پتلی وزیراعلیٰ کی ڈوریں آپ کے ہاتھ میں ہیں،کیا یہ آپ کے دوہرے رویے صرف اقتدار کے ساتھ جڑے ہیں، اپنے بچوں اورخاندان کیلئے نڈھال لیڈر شپ قوم کیلئے فکر مند نہیں ہوسکتی۔ معاون خصوصی نے مز ید کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی ضرورت اور قوم کا مسیحا ہیں،عمران خان کی شناخت کرپشن سے داغدار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں کے حوالے سے ایک پراپیگنڈا چل رہا ہے، ایل این جی مہنگی داموں خریدنے والا آج نیب حراست میں ہے، جب مہنگی گیس خریدی گئی تو اسے سستا کیسے عوام تک پہنچایا جائے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت پورے ملک میں گیس کا 12 فیصد پریشر بڑھایا گیا، وزیراعظم نے گھریلو صارفین تک گیس فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔