Sunday, May 12, 2024

بھارت کا افغانستان سے نہ کوئی تعلق ہے، نہ تھا اور نہ ہوگا، فواد چودھری

بھارت کا افغانستان سے نہ کوئی تعلق ہے، نہ تھا اور نہ ہوگا، فواد چودھری
September 5, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں، بھارت کا افغانستان سے نہ کوئی تعلق ہے، نہ تھا اور نہ ہوگا۔ بھارت کی جلن کم کرنے کے لئے وہاں برنال ایکسپورٹ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

لاہور میں، میڈیا سے گفتگو میں بولے، بھارت کے عوام مودی سے سوال کریں کہ اربوں روپے افغانستان میں کیوں ضائع کئے گئے؟۔ ہمارا افغانستان کیساتھ طویل بارڈر لگتا ہے، سیاسی، معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں ہم عام افغانوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔

سید علی گیلانی کی میت کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا، بانوے سالہ بزرگ کی میت سے بھی بھارت خوفزدہ ہے۔ نریندر مودی جو ہٹلر سے متاثر تھے ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں کہ میت فیملی کو نہیں دی۔ آزادی کے اس استعارے کو مودی برداشت نہیں کرسکتا۔ کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، امریکی سی آئی اے، قطر، ترکی کے انٹیلی جنس چیف کابل جا چکے ہیں۔ اگر افغانستان میں سیاسی عدم استحکام، ہجرت یا دہشت گردی ہوتی ہے تو اثرات پاکستان پر آتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا، جوبائیڈن کہتے ہیں افغانستان مسئلے کا سیاسی حل ہونا چاہیے، ہم یہ بات دس سال پہلے کررہے تھے۔ امریکی اور دوسرے ممالک نقصان ہونے کے بعد یہ بات کررہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا، ہم عام افغان کو نہیں چھوڑ سکتے ان کی زندگی کی بھی اتنی اہمیت ہے جتنی باہر جانے والوں کی ہے۔ ہم نے لوگوں کو نکالنے کے لیے کوشش کی، ہمارے بارڈر کھلے ہیں جو وہاں پھنسے ہیں ان کی مدد کرتے رہیں گے۔

فواد چودھری نے اپوزیشن کو چوں چوں کا مربہ قرار دے دیا، کہتے ہیں کبھی مریم، کبھی شہباز اور کبھی شاہد خاقان آگے آجاتے ہیں۔ مسلم لیگ ن سمیت اپوزیشن جماعتوں کے اندر لڑائی چل رہی ہے۔ اپوزیشن سے ای وی ایم اور الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری پر رابطہ کیا، لیکن اپوزیشن کی طرف سے کوئی سنجیدہ بات نہیں آرہی۔