Wednesday, May 8, 2024

بھارت نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دیدی

بھارت نے آسٹریلیا کو 36  رنز سے شکست دیدی
June 9, 2019
لندن ( 92 نیوز) ورلڈ کپ 2019 کے  اہم میچ میں بھارت اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا  مد مقابل  ہوئے  جہاں بھارت نے آسٹریلیا کو 36  رنز سے شکست دے دی ۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50  اوورز میں 5  وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے ۔ بھارت نے اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 127 رنز بنائے ، 127 کے اسکو ر پرروہت شرما 57 اسکور بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ وہ کلٹرنائل  کی گیند پر وکٹ کیپر ایلکس کیری  کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ ساتھی اوپنر شیکھر دھون نے کپتان ویرات کوہلی کیساتھ مل کر 97 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ، شیکھر دھون نے اپنے کیریئر کی آٹھویں سنچری اسکور کی اور 109 گیندوں پر 117 رنز بنائے ۔ان کی اننگز میں 17چوکے بھی شامل تھے ۔

پاکستان اور سری لنکا کا میچ بارش کی نذر، ایک ایک پوائنٹ مل گیا

بھارت کی جانب سے ٹاپ آرڈر ہردیک پانڈے نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور27 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنا کر اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا ، پیٹ کیومنز کی گیند پر کپتان ایرون فنچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ مہندرا سنگھ دھونی نے 14 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 27 رنزبنائے ، وہ  مارکس سٹوئنس کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ پچاسویں اوور کی پانچویں گیند پر  کپتان ویرات کوہلی بڑی ہٹ کی کوشش میں مارکس سٹوئنس کی گیند پر پیٹ کیومنز کے ہاتھوں میدان بدر ہوئے ۔ کے ایل راہول نے تین گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز بنائے جب کہ کیدر جادو میدان میں تو اترے مگر کوئی گیند کھیل نہ پائے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس سٹوئنس نے 7 اوورز میں 62 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں ،کلٹر نائل ،مچل اسٹارک اور پیٹ کیومنز نے 10،10 اوورز کئے اور بالترتیب 63،74 اور 55 رنز دیکر ایک ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا۔ میکس ویل نے 7 اوورز میں 45 جبکہ آدم زمپا نے 6 اوورز میں 50 رنز دیے  اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ۔ آسٹریلیا کی ٹیم 353 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور  مطلوبہ رن ریٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی مقررہ 50 اوورز میں 316 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ چودہویں اوور کی پہلی گیند پر کپتان ایرون فنچ رن آؤٹ ہو گئے ، اس وقت آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 61 تھا جب کہ ایرون فنچ نے 35 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 36 رنز اسکور کئے ۔ پچیسویں اوور کی چوتھی گیند پر اوپنر ڈیوڈ وارنر  بھی چلتے بنے ، انہوں نے 84 گیندوں پر 56 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 202 کے اسکور پر گری جب عثمان خواجہ 39 گیندوں پر 42 اسکور بنا کر بولڈ ہوئے ،انہوں نے ایک چھکا اور چار چوکے لگائے ۔ سٹیون سمتھ نے محتاط انداز میں ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا ، وہ 70 گیندوں پر 69 اسکور بنا کر  آسٹریلیا کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے ، انہوں نے ایک چھکا اور پانچ چوکے لگائے ۔ سمتھ کے آؤٹ ہونے تک صورتحال آسٹریلیا کے حق میں تھی مگر مارکس سٹوئنس  کے دوسری ہی گیند پر آؤٹ ہونے سے صورتحال مکمل طور پر بھارت کے حق میں ہو گئی ۔ کلٹرنائل بھی 9 گیندیں کھیل کر آؤٹ ہو گئے ۔ میکس ویل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مطلوبہ اوسط تک پہنچنے کی کوشش کی اور 14 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے ۔ وکٹ کیپر بلے بازایلکس کیری نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 38 رنز بنائے  اور ناقابل شکست رہے ۔ بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار نے 7.1 اوورز میں 31 رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کیں ۔جسپریت بمرا نے 8 اوورز میں دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، انہوں نے  51رنز دیے ۔ یزویندرا چاہل نے   بھی دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، انہوں نے 10 اوورز میں 62 رنز دیے ۔ ہردیک پانڈے نے 10 اوورز میں 68،کلدیپ یادو نے 9 اوورز میں 55 جبکہ کلدیپ یادو نے ایک اوور میں 14 اسکور دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی ۔