Friday, May 10, 2024

بھارت کا 5 اگست کا اقدام سلامتی کونسل قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، شاہ محمود

بھارت کا 5 اگست کا اقدام سلامتی کونسل قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، شاہ محمود
February 5, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات سے مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قانون کی صریحا خلاف ورزی کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست کے اقدامات سے بھارت نے خود اپنے دستور کی پامالی کا بھی ارتکاب کیا۔ یہ کشمیروں کی شناخت مٹانے اور ’کشمیریات‘ کے تصور کو ختم کرنے کی کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو زعم تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی سالمیت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے وہ کشمیریوں کے جائز حق کے حصول کے جذبے کو مجروح کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔ بھارت کا خیال تھا کہ وہ کشمیریوں کو بنیادی حق استصواب رائے پر سمجھوتہ کرنے پر مجبور کردے گا۔ بھارت کو ان دونوں مقاصد میں بدترین ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ وزیرخارجہ بولے کہ عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی میڈیا اور سول سوسائیٹی سب ہی نے بھارت سے مقبوضہ کشمیرکے عوام پر ظلم وستم اور جبر واستبداد ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیری عوام کی حمایت میں دنیا کے تقریبا تمام بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ اور دنیا کے بڑے ممالک نے بھارت کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہارکیا۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ بھارت کچھ چھپانا نہیں چاہتا تو عالمی میڈیا اور سول سوسائٹی کو مقبوضہ جموں وکشمیر جانے کی اجازت دے۔ بہادر کشمیری عوام کی عزت و وقار کے تحفظ اور استصواب رائے کے حق کے حصول تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔