Monday, September 16, 2024

بھارت چناب پر ڈیمز کی تعمیر کیلئے اقوام متحدہ سے سرٹیفکیٹ لینے میں کامیاب‘ پاکستان لاعلم

بھارت چناب پر ڈیمز کی تعمیر کیلئے اقوام متحدہ سے سرٹیفکیٹ لینے میں کامیاب‘ پاکستان لاعلم
July 28, 2016
اسلام آباد (92نیوز) بھارت نے دریائے چناب پر 3ڈیموں کی تعمیر کےلئے اقوام متحدہ سے سرٹیفکیٹس حاصل کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان چاہے کچھ بھی کرلے بھارت آبی جارحیت سے باز نہیں آتا لیکن اس بار تو پاکستان کو کانوں کان خبر تک نہ ہوئی اور بھارت نے دریائے چناب پر 3ڈیموں کی تعمیر کےلئے اقوام متحدہ سے کاربن کریڈٹ سرٹیفکیٹس حاصل کر لئے۔ ایسا کیسے ہوگیا؟ کس نے اجازت دی؟ کیا انڈس واٹر کمیشن اور وزارت پانی و بجلی کے حکام بے خبر تھے یا پھر دال میں کچھ کالاہے۔ 92نیوز کو حاصل ہونیوالی دستاویزات کے مطابق اقوام متحدہ نے دریائے چناب پر ریٹل او رکرتھائی ڈیموں کی تعمیر کےلئے بھارت کو سرٹیفکیٹ جاری کر دیے۔ اب بھارت ڈیموں کی تعمیر سے دریائے چناب کا 2کروڑ کیوبک فٹ پانی روک سکے گا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ پاکستان کی اجازت کے بغیر سرٹیفکیٹس جاری نہیں ہو سکتے کیونکہ کاربن کریڈٹ سرٹیفکیٹ متاثرہ فریق کی رضا مندی سے ہی جاری کئے جاسکتے ہیں اور پاکستان دریائے چناب پر بھارتی آبی جارحیت کا متاثرہ فریق ہے۔ سندھ طاس معاہدے کے مطابق بھارت دریائے چناب کا پانی نہیں روک سکتا لیکن اب سرٹیفکیٹس کے اجراءکے بعد بھارت کو جارحیت کی شہ مل گئی۔ ذرائع کے مطابق بھارت کو سرٹیفکیٹس ملنے کے بعد ڈیموں کی تعمیر پر پاکستان کے اعتراضات کمزور پڑ سکتے ہیں۔