Saturday, May 18, 2024

بھارت پاکستان کیخلاف ذیلی روایتی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، جنرل زبیرمحمود حیات

بھارت پاکستان کیخلاف ذیلی روایتی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، جنرل زبیرمحمود حیات
November 14, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے بھارتی سازشوں کا پردہ چاک کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کیخلاف ذیلی روایتی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔ را نے سی پیک کی مخالفت کیلئے پانچ سو ملین ڈالرز مختص کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سیکولر سے انتہا پسند ہندو ملک بن چکا ہے۔ دنیا کے مستقبل کی اقتصادی اور فوجی طاقتیں جنوبی ایشیا میں ہوں گی۔
جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ بھارت آگ سے اور جنوبی ایشیا کے امن سے کھیل رہا ہے۔ بھارت نے ایل او سی پر بارہ سو سے زیادہ مرتبہ فائر بندی کی خلاف ورزیاں کیں۔ یہ کسی وقت بھی بڑی جنگ میں بدل سکتا ہے۔
جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ خون اورپانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا لیکن بھارت ایسا کر رہا ہے۔ بھارت سے بہتر تعلقات کا راستہ کشمیر سے ہو کر گزرتا ہے۔ جنوبی ایشیا میں علاقائی جہتیں اور خدشات میں جغرافیائی، معاشی،اور سیاسی امور کو دیکھنا ہو گا۔ عالمی سطح پر طاقت کا حصول جنوبی ایشیاء میں عدم استحکام کا باعث ہے۔ سی پیک خطے کی خوشحالی کا ضامن ہے۔
جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ افغانستان میں امن ہی ترقی کا ضامن ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن کے لئے کوشاں ہے۔ جیو اکنامکس اور جیو پولیٹیکل مفادات ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔ غیر ریاستی عناصر کے ذریعے جنوبی ایشیا کو عدم استحکام کا شکار کیا جا رہا ہے۔ ماحولیاتی تغیرات اور آبی مسائل، پیچیدہ چیلنجز کو مزید بڑھا رہے ہیں۔