Friday, April 26, 2024

بھارت پاکستان کیخلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہا ہے، مفتی محمد زاہد

بھارت پاکستان کیخلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہا ہے، مفتی محمد زاہد
November 26, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) بھارت کی جانب سے پاکستانی طلباء کو دہشتگرد قرار دینے کا پراپگنڈا بری طرح ناکام ہو گیا۔ مفتی محمد زاہد نے کہا بھارت پاکستان کیخلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہا ہے۔ مہتمم مفتی محمد زاہد نے حقائق سامنے لانے پر نائنٹی ٹو نیوز کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا بھارت کی جانب سے لگایا گیا الزام انتہائی قابل مذمت ہے۔ فیصل آباد میں جامعہ اسلامیہ امدادیہ کی انتظامیہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دونوں طلباء کی مدرسے میں موجودگی ظاہر کر کے نہ صرف انڈین میڈیا کے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا، بلکہ دنیا کوایک بار پھرمودی سرکار کا اصل چہرہ دکھا دیا۔ پاکستان سے مدرسے کے طلباء کی بارڈر سے دہلی میں داخل ہونے کی جھوٹی خبروں کا پول کھل گیا۔ فیصل آباد میں قائم مدرسے میں زیر تعلیم طلباء محمد طیب اور محمد ندیم نے انتظامیہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے رائیونڈ اجتماع کے دوران ایک تصویر لی اور سوشل میڈیا پر شیئر کی تاہم خبروں کے حوالے سے انہیں دوستوں سے معلوم ہوا۔ جامعہ امدادیہ کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کا رویہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے تاہم یہ کوئی نئی بات نہیں، پاکستان کو بدنام کرنے کی جو کوشش کی گئی اس میں انڈیا کو منہ کی کھانا پڑی، جن طلباء کے بارے میں بھارت نے پروپگنڈا کیا وہ سامنے موجود ہیں۔ مدرسہ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور مسلسل امن کا پیغام دیتا آیا ہے، تاہم بھارت کی جانب مسلسل منفی پروپگنڈا کرکے ہماری پاک دھرتی کے خلاف گھناؤنئ سازشیں کی جا رہی ہیں۔