Saturday, May 18, 2024

بھارت پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش میں ہر بار ناکام رہا ، شاہ محمود قریشی

بھارت پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش میں ہر بار ناکام رہا ، شاہ محمود قریشی
February 13, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی مگر ہر بار ناکامی کا منہ دیکھا۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت کی کوشش رہی ہے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرے۔ بھارت کو یکے بعد دیگرے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی کلیدی کامیابیوں پر بھارت میں صف ماتم تو بچھے گی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا یہ پاکستانی قوم کی کامیابی ہے کہ دنیا آپ سے تعلقات استوار کر رہی ہے۔ دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہو رہی ہے۔ دنیا پاکستان سے رابطے، تجارت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان پر دنیا کی جانب سے اعتماد کا بھرپور اظہار ہو رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب سے ملنے والے قیمتی تحائف توشہ خانے میں جمع کرا دیئے۔ 92 نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دورہ سعودی عرب کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے ساڑھے 63 لاکھ مالیت کے تحائف ملے۔ اِن تحائف میں 48 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کی رولیکس گھڑی ، ساڑھے 9 لاکھ کا سونے کا قلم، ایک لاکھ 35 ہزار کے سونے کے کف لنکس ،2 لاکھ 5 ہزار روپے مالیت کی سونے کی تسبیح اور 2 لاکھ 10 ہزار کی سونے کی انگوٹھی شامل تھی ۔ ملکی قوانین واضح ہیں کہ کوئی بھی اعلیٰ عہدیدار، سرکاری افسریا کوئی سرکاری عہدہ رکھنے والا کسی اہم شخصیت یا وفد کے دورہ پاکستان یا ازخود بیرونی دورے میں تحفہ تحائف قبول نہیں کریگا، اگر ناگزیر وجوہات کی بنا پر قبول کرنا پڑیں تو اُس کی ذمہ داری ہے کہ تحفہ عطا کرنے والے کے نام ، عہدہ، وصولی کی تاریخ کیساتھ بیرون ملک چیف پروٹوکول آفیسر ، سرکاری نمائندہ یا سفیراور اندرون ملک توشہ خانہ ، کابینہ ڈویژن کو جمع کرائے تاہم گزشتہ ادوار میں تحائف کا ازخود قومی خزانہ میں جمع کرانے کی مثال بہت کم دیکھنے میں آئی ۔